نیویارک 16/دسمبر (آئی این ایس انڈیا)امریکہ میں 20 منٹ کے اندر نتائج دینے والے 'اوور دی کاؤنٹر' کرونا ٹیسٹ کی منظوری دے دی گئی ہے اور اس ٹیسٹ کے لیے ڈاکٹر کی تجویز یا کسی لیب کی ضرورت نہیں ہے۔
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے فوری نتائج والے اس ٹیسٹ کی منظوری سے متعلق اعلان منگل کو کیا۔
ایف ڈی اے کمشنر اسٹیفن ایم ہان نے ایک پریس ریلیز میں اعلان کیا کہ منگل کو دی گئی منظوری کووڈ-نائنٹین کی ٹیسٹنگ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
'اوور دی کاؤنٹر' ٹیسٹنگ سے مراد یہ ہے کہ اس ٹیسٹ کے ذریعے ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر یا کسی لیب سے ٹیسٹ کرانے کے بجائے گھر بیٹھے ٹیسٹ کیا جا سکے گا۔
ٹیسٹنگ کی منظوری کے ذریعے ایف ڈی اے نے اس ریپڈ ٹیسٹ کی فارمیسیز یعن ادویات کے اسٹوروں پر فروخت کی بھی اجازت دی ہے جہاں لوگ یہ ریپڈ ٹیسٹ کٹ خرید سکتے ہیں۔
اس سہولت کے ذریعے لوگ گھر بیٹھے ٹیسٹ کر کے 20 منٹ کے اندر ہی نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔
ایف ڈی اے کے منظور کردہ تازہ ترین ٹیسٹ میں بہت سے دیگر ٹیسٹوں کی طرح ناک میں ڈالے جانے والا سواب استعمال ہوتا ہے لیکن ایف ڈی کے مطابق یہ زیادہ سخت یا مشکل نہیں ہے جیسا کہ بعض ٹیسٹوں کی وڈیوز میڈیا میں دکھائی گئی ہیں۔
ادرے نے بتایا ہے کہ اس ٹیسٹ نے جن افراد میں کرونا کی علامات تھیں، ان میں سے 96 فی صد کو درست طور پر مثبت ظاہر کیا جب کہ جن چار فی صد میں علامات نہیں تھیں ان میں ایک چھوٹے سے تناسب کے ساتھ غلط نتائج دیے۔
ایف ڈی اے کے مطابق اس ٹیسٹ میں ایک اینالائزر استعمال کیا جاتا ہے جو کسی بھی اسمارٹ فون کے ذریعے ایک سافٹ ویئر ایپ سے منسلک ہو جاتا ہے اور صارف کو ٹیسٹ کرنے میں مدد دیتا ہے اور نتائج کی بھی وضاحت کرتا ہے۔
گھر بیٹھے ٹیسٹ کی سہولت ایسے وقت میں دی گئی ہے جب امریکہ میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات تین لاکھ سے بڑھ گئی ہیں۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں اب تک وائرس کے ایک کروڑ 67 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔